لاک ڈاؤن سے مالی مشکلات، نوجوان بھارتی اداکار نے تنگ آکر خودکشی کرلی
کورونا وائرس سے جہاں اس وقت دنیا بھر میں اموات ہورہی ہیں وہیں لاک ڈاون کے باعث مالی مشکلات سے تنگ آکر بھارتی اداکار من میت گریوال نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کرلی۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ 32 سالہ اداکار من میت گریوال نے 15 مئی کے دن خود کو پھنکے سے لٹکا کر خودکشی کی۔
لاک ڈاؤن کے باعث اداکار شدید معاشی بحران کا شکار ہوگئے تھے اور ان پر کافی قرضہ چڑھ گیا تھا۔ من میت سنگھ کے دوست نے بتایا کہ ہماری دوستی 6 سال سے تھی اور آپس میں بھائیوں کی طرح تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میری شام 5 بجے من میت سے بات ہوئی تھی، وہ بالکل ٹھیک لگ رہے تھے۔ وہ پریشان بھی نہیں لگ رہے تھے بلکہ اگر کوئی پریشانی ہوتی تھی تو وہ مجھ سے ضرور شیئر کیا کرتے تھے۔
دوسری جانب اہلیہ کا کہنا ہے کہ من میت کی جان بچانے کی کوشش کے دوران پڑوسیوں میں سے کسی نے مدد نہیں کی۔
بھارت میں کورونا لاک ڈاون نافذ کئے جانے کے بعد من میت گریوال کے پاس گھر کا کرایہ ادا کرنے کے پیسے بھی نہ تھے۔ ایسے میں انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کرلی۔
Comments are closed on this story.